مظفرگڑھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری
مظفرگڑھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خصوصی احکامات پر آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور کمشنر اشفاق احمد چوہدری مظفرگڑھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں دن رات موجود، ریسکیو و ریلیف آپریشن کی براہ راست نگرانی جاری۔ تفصیلات کے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خصوصی احکامات پر مظفرگڑھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہیں۔ آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور کمشنر اشفاق احمد چوہدری دن رات متاثرہ علاقوں میں موجود رہ کر ان آپریشنز کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ سیت پور، لتی، کندائی، سلطان پور، خیر پور اور دیگر مقامات پر پھنسے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے پولیس، پاک فوج، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں مسلسل سرگرم عمل ہیں۔ ریلیف کیمپوں میں مقیم خاندانوں کو تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ فلڈ بند پر موجود فیملیز کو کشتیوں کے ذریعے خوراک اور راشن بھی پہنچایا جا رہا ہے۔ آر پی او کے خصوصی احکامات پر متاثرہ علاقوں میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ ڈی پی او مظفرگڑھ اور ڈپٹی کمشنر خود سیلابی پانی میں جا کر شہریوں کو ریسکیو کر رہے ہیں۔ وزٹ کے دوران آر پی او اور کمشنر نے ہیڈ پنجند ورکس کا بھی معائنہ کیا اور پانی کی آمد و اخراج کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران کمشنر اشفاق احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ علی پور تحصیل میں حکومت کی پوری مشینری سرگرم عمل ہے اور اضافی کشتیاں و وسائل فراہم کر کے آپریشن کو مزید تیز کیا گیا ہے۔ آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کہا کہ عوام کی محفوظ منتقلی کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہیں، پولیس کشتیوں کے ذریعے املاک کے تحفظ کے لیے پٹرولنگ بھی کر رہی ہے اور پنجاب پولیس مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔