ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ ڈاکٹر عامر رسول کابہاولپور کے مختلف علاقوں کا دورہ
بہاول پور ( تحصیل رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ ڈاکٹر عامر رسول کا بہاولپور،یزمان اوراحمد پور شرقیہ کے مختلف علاقوں کا دورہ۔کپاس کی فصل کا معائنہ کیا اور کاشتکاروں سے ملاقاتیں کیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ بہاولپور احمد نوید احسن،شاہد حسین سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ ڈاکٹر عامر رسول نے کاشتکاروں سے گفتگو میں کہا کہ کپاس ملکی معیشت میں کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ حکومت پنجاب کے کسان دوست اقداما ت کی وجہ سے رواں سال کپاس کی بہترین پیداوار متوقع ہے۔ کپاس کی مینجمنٹ کا اہم مرحلہ جاری ہے۔محکمہ زراعت کا فیلڈ سٹاف کاشتکاروں کی رہنمائی کے لیے ان کے شانہ بشانہ فیلڈ میں موجود رہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ حالیہ بارشوں کے پیش نظر کاشتکار کپاس کے کھیتوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کاشتکاروں کی رہنمائی کی جائے کہ وہ یوریا کے بے جا استعمال سے اجتناب کرتے ہوئے ان دنوں المونیم نائٹریٹ،امونیم سلفیٹ اور نائٹرو فاس جیسی کھادوں کا استعمال کریں۔ بارشوں کے دنوں میں جڑی بوٹیوں کے تدارک اور نقصان دہ کیڑوں اور بیماریوں سے بچاؤ کے لیے محکمہ زراعت کے مشوروں پر عمل کریں اور ہفتہ میں دو دفعہ پیسٹ سکاؤٹنگ کو یقینی بنائیں۔